سوہاوہ میں 56 سالہ شخص کے اندھے قتل کا معمہ حل، قاتل خالہ زاد بھائی نکلا، ملزم گرفتار
سوہاوہ میں پولیس نے 56 سالہ شخص کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا، قاتل خالہ زاد بھائی نکلا، پولیس نےملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی پولیس نے ایک ماہ قبل پیش آنے والے 56 سالہ شخص کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول محمد زمان کو اُس کے قریبی رشتہ دار نے بہیمانہ طریقے سے قتل کیا۔
رواں سال مئی میں محمد زمان کی لاش ڈومیلی کے نواحی جنگل سے ملی تھی، جس پر کلہاڑیوں کے وار کے نشانات تھے۔ ابتدائی طور پر واقعہ اندھے قتل کا تھا تاہم پولیس نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے بالآخر ملزم غلام مصطفیٰ کو گرفتار کرلیا ۔
@jhelumupdates جہلم میں پولیس نے 56 سالہ شخص کے اندھے ق۔ت۔ل کا معمہ حل کرلیا #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم غلام مصطفیٰ، مقتول محمد زمان کا خالہ زاد بھائی ہے جس نے دورانِ تفتیش اعتراف جرم کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق چند ماہ قبل دونوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی، جسے ملزم نے دل پر لے لیا اور اسی رنجش کی بنیاد پر قتل کا منصوبہ بنایا۔
ملزم نے مقتول کو بہانے سے جنگل میں لے جاکر کلہاڑی سے وار کرکے قتل کیا اور موقع واردات سے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل کلہاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔



