جہلم میں مرغی کا گوشت مہنگے داموں اور کم وزن میں فروخت، انتظامیہ خاموش، شہری پریشان

جہلم: ضلع جہلم میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ اضافی نرخوں کے ساتھ کم وزن گوشت کی فروخت جاری ہے جبکہ متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں مرغی فروشوں نے سرکاری نرخنامے کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے۔ شہریوں کے مطابق قصاب فی کلو گوشت پر 30 سے 40 روپے اضافی وصول کرتے ہیں اور وزن کے نام پر بھی گاہکوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ ایک کلو کے بجائے صرف ساڑھے سات سو گرام گوشت فراہم کیا جاتا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سب کچھ جاننے کے باوجود کارروائی سے گریزاں ہیں جس کے باعث گوشت فروشوں نے ضلع بھر میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے گرانفروشوں اور کم وزن فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔



