جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ عدم توجہی کے باعث جہلم شہر اور گردونواح میں ناقص، غیر معیاری اور مضرِ صحت آئل و گھی کے استعمال سے مختلف اشیائے خورونوش کی تیاری کا سلسلہ جاری ہونے سے شہریوں کی صحت داؤ پر لگ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی مبینہ عدم توجہی کے باعث مختلف مقامات پر غیر معیاری اور مضرِ صحت آئل و گھی استعمال کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہوٹلوں اور شادی ہالز میں کھانے کی تیاری کے علاوہ شہر میں سموسے، پکوڑے، چپس اور دیگر مختلف اشیائے خورونوش تیار کرنے میں بھی مبینہ طور پر ناقص اور غیر معیاری آئل و گھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص اور مضرِ صحت آئل و گھی کے استعمال سے تیار ہونے والی اشیائے خورونوش انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر نگرانی اور کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال تشویشناک صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر اور ضلع بھر میں ہوٹلوں، شادی ہالز، سموسے، پکوڑے، چپس اور دیگر اشیائے خورونوش تیار کرنے والے مراکز کی مؤثر چیکنگ کی جائے، استعمال ہونے والے آئل اور گھی کے معیار کو جانچا جائے اور غیر معیاری یا مضرِ صحت اشیاء استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
