پلانٹ فار پاکستان مہم کو کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، سدھیر احمد مغل

جہلم: ڈویژنل فارسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے کہا ہے کہ سموگ، فضائی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب درپیش مسائل، مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے "پلانٹ فار پاکستان” مہم کو کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
یہ بات انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت الیکٹرانک میڈیا کے صدر عامر کیانی نے کی جبکہ وفد میں چوہدری عابد محمود، چوہدری مہربان حسین، مرزا قدیر بیگ، شہریار علی، راجہ چوہدری تصور حسین، عبدالغفار، سید مظہر عباس اور چوہدری دانیال عابد شامل تھے۔
سدھیر احمد مغل نے زور دیا کہ شہری اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں، سڑکوں، محلوں، گرین بیلٹس، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جہاں بھی جگہ دستیاب ہو، بھرپور شجر کاری کریں تاکہ ماحول کو انسان دوست بنایا جا سکے اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
ڈی ایف او سدھیر مغل نے کہا کہ موجودہ حالات میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر فرد کو چاہئے کہ جہاں بھی جگہ دستیاب ہو وہاں پودے لگائیں تاکہ درخت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری نہ صرف فضائی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ہے بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، اس لیے شہری اپنی ذاتی ذمہ داری کے تحت بھی ہر ممکن کوشش کریں کہ ہر گلی، محلہ، بازار اور سرکاری و نجی دفاتر میں شجرکاری کی جائے۔
ڈی ایف او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالیں اور "پلانٹ فار پاکستان” مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ماحولیات بہتر ہو اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔



