سوہاوہ: ڈومیلی میں تین روزہ جشنِ بڑاگواہ میلہ کا شاندار انعقاد، ہزاروں شائقین کی شرکت

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے بڑاگواہ میں تین روزہ جشنِ بڑاگواہ میلہ بفیضانِ نظر بابا جی فضل شاہ کلیامی کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ثقافتی، روایتی اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ اس میلہ میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور روایتی کھیلوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

میلہ کے پہلے دن مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے گئے، جن میں رسہ کشی، 100 میٹر دوڑ، اکھاڑا بگدر، سرکل کبڈی اور آل پاکستان و آزاد کشمیر گھوڑا ڈانس شامل تھے۔ دوسرے دن اکھاڑا بیل ہَل کے مقابلے ہوئے، جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے نامور زمینداروں نے شرکت کی۔

تیسرے اور آخری دن اکھاڑا اونٹاں دا کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے زمیندار اپنے اونٹ لے کر میدان میں اترے۔ گھوڑوں، اونٹوں اور بیلوں کو ان کے مالکان نے نہایت خوبصورتی سے سجا کر پیش کیا، جو شائقین کی توجہ کا مرکز بنا۔

میلہ میں عوام کی دلچسپی کے لیے کھانے پینے اور کھلونوں کے متعدد اسٹالز لگائے گئے، جبکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے جھولے بھی نصب کیے گئے، جہاں شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔ میلہ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں اور جانوروں کے مالکان میں قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے، جن میں موٹر سائیکلز، نقد انعامات اور ٹرافیاں شامل تھیں۔

رسہ کشی کے فاتح کو 25 ہزار روپے، 100 میٹر دوڑ کے ونر کو 8 ہزار روپے، اکھاڑا بگدر کے ونر کو 10 ہزار روپے، جبکہ سرکل کبڈی کے ونر کو 50 ہزار اور رنر اپ کو 30 ہزار روپے دیے گئے۔ بہترین ریڈر اور اسٹاپر کو بھی خصوصی انعامات اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔

میلہ کے مہمان خصوصی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات تھیں، جن میں پیر ارم نذیر بابا فاضل الدین شاہ کلیامی، امیر بلوچستان ذیشان حیدر پیر زادہ، سائیں سہیل اصغر دریشک (سندھ)، نواب امیر بلال جاوید پختون (خیبرپختونخوا)، ٹی ایس ایف گروپ جاتلاں، پنجتنی لجپال گروپ گجرخان، رائل ٹینٹ پیکنگ آف پاکستان، گکھڑ فیڈریشن جہلم، 313 کہوٹ چکوال گروپ، مسیر کینگ گروپ آزاد کشمیر، سہیل انور گوندل (پاکستان کے نامور کبڈی کھلاڑی) اور دیگر سیاسی، سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ افراد شامل تھے۔

میلہ کی کوریج اور انتظامات بھی شاندار طریقے سے انجام دیے گئے۔ مکمل تین دن کی لائیو کوریج راجہ عظمت نے "اپنا کٹاری چینل” پر کی، جس پر انہیں واشنگ مشین کا تحفہ دیا گیا جبکہ مکمل اناؤنسمنٹ کرنے پر راجہ فادی فخرے طور کو 32 انچ ایل ای ڈی دی گئی۔

بانی میلہ پہلوان راجہ احسان کیانی نے تمام شرکاء، دکانداروں، پولیس، ریسکیو ٹیم، مہمانوں، اونٹوں اور بیلوں کے مالکان، گھوڑا ڈانس کے شرکاء اور دیگر تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میلہ کے اسپانسرز چوہدری شفیق ککرالہ، امیر باز نکودری (یوکے) اور تمام محنتی افراد کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس تاریخی میلہ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شائقین نے اس میلہ کو پاکستان اور آزاد کشمیر کا بہترین میلہ قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ آئندہ سال بھی اس میلہ کا انعقاد اسی جوش و خروش سے کیا جائے۔ بانی میلہ نے بھی یقین دلایا کہ اگلے سال کا میلہ مزید بہتر انداز میں منعقد کیا جائے گا اور عوام کے لیے مزید دلچسپ پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔

ہمیں فالو کریں


Google News

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button