جہلم میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گراں فروش گرفتار، مقدمہ درج

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم نے رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 گراں فروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک مقدمہ درج کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں 2052 سے زائد انسپکشن کیں، جن میں 157 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ قیمتوں میں خودساختہ اضافے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 67 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

قیمتوں میں خودساختہ اضافے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 4 گراں فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں مسلسل نگرانی جاری رکھیں اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کو ہر ممکن طریقے سے روکا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور رمضان المبارک میں کسی بھی تاجر کو غیر قانونی منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Exit mobile version