پنجاب ٹیچرز یونین جہلم کی شاہد صدیق چوہدری کو بطور ڈی ای او ایلیمنٹری تعیناتی پر مبارکباد

جہلم: پنجاب ٹیچرز یونین جہلم کے ایک نمائندہ وفد نے معروف اور ہر دلعزیز تعلیمی افسر شاہد صدیق چوہدری کو ضلع جہلم میں بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) تعینات ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔

اس سے قبل شاہد صدیق چوہدری ڈی ای او ایلیمنٹری منڈی بہاؤالدین کے عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

مبارکبادی ملاقات چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) جہلم نازیہ شہزادی کے دفتر میں ہوئی، جس میں ڈی ای او سیکنڈری محمد شہزاد بھی موجود تھے۔ وفد میں شامل عہدیداران میں چوہدری وحید حیدر (مرکزی جنرل سیکرٹری پنجاب)، ملک محمد افضل میر (سینئر نائب صدر پنجاب)، چوہدری راشد محمود (صدر پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم)، چوہدری شبیر حسین (ضلعی چیئرمین)، رانا اشفاق احمد (ڈویژنل چیئرمین راولپنڈی) اور چوہدری افضال محمود (میڈیا سیکرٹری) شامل تھے۔

اس موقع پر اساتذہ کی سینیارٹی لسٹوں، پروموشن کے عمل اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈی ای او سیکنڈری محمد شہزاد اور ڈی ای او ایلیمنٹری شاہد صدیق چوہدری نے پنجاب ٹیچرز یونین کو یقین دلایا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلع جہلم نازیہ شہزادی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، سال میں اساتذہ کی دو بار ترقی (پروموشن) کے لیے پہلے ہی احکامات جاری کر چکی ہیں، اور اس پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے۔

مزید یہ کہ اساتذہ کی پروموشن کے عمل کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پروموشن کمیٹی میں اساتذہ یونین کی نمائندگی کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ نمائندگان نہ صرف میل و فی میل اساتذہ کی رہنمائی کریں گے بلکہ ترقی کے عمل کو مؤثر اور قابلِ اعتماد طریقے سے مکمل کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے۔

پنجاب ٹیچرز یونین نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شاہد صدیق چوہدری کی تعیناتی سے ضلع جہلم میں تعلیمی امور میں مزید بہتری آئے گی اور اساتذہ کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button