گرمی بڑھتے ہی رسیلی چیری کی بہار، من مانے نرخوں پر شہری پریشان

جہلم شہر اور گردونواح میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی رسیلی اور خوش ذائقہ چیری کی بہار آ گئی ہے جبکہ جگہ جگہ سجی رنگ برنگی دکانیں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

فروٹ مارکیٹوں اور دکانوں پر چیری خریدنے والوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں بچے، نوجوان اور خواتین شوق سے اس لذیذ پھل کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب فروٹ فروشوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چیری کے من مانے نرخ مقرر کر دیے ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرخ رنگت اور دلکش ذائقے والی چیری نے اگرچہ بازاروں کی رونقیں بڑھا دی ہیں، تاہم بڑھتی ہوئی قیمتوں نے خریداروں کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔

عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ پھل فروشوں کی جانب سے وصول کیے جانے والے نرخوں کا نوٹس لیا جائے اور قیمتوں کو مناسب سطح پر لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہری بھی موسمی پھلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

Exit mobile version