جہلم میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ، عید کے روز زمین کے تنازعہ پر نوجوان کوقتل کرنے والا ملزم ہلاک

جہلم میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں عید کے روز چکوال میں زمین کے تنازعہ پر نوجوان کوقتل کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم کے علاقہ ڈھوک منور کے قریب سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا، جس کے دوران قتل کیس میں مطلوب مرکزی ملزم ملک احسن اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔
ہلاک ہونے والا ملزم ملک محمد احسن چکوال کے تھانہ ڈوہمن کے علاقہ ملہال مغلاں کے ڈھوک قائم دین کا رہائشی تھا، جس نے عیدالفطر کے روز زمین کے تنازعے پر مدثر نامی نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اس کا نوٹس لیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مخبر کی اطلاع پر اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی خبر ملی، جس پر سی سی ڈی نے راٹھیاں کے قریب کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم ملک احسن اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



