جہلم پولیس نے 2 چور گینگ کو پکڑ لیا، خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث دو فعال گروہوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں ایس ایچ او تھانہ صدر شعیب کیانی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی عمران امجد کی قیادت میں کی گئیں۔
تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نشاء گینگ کی تین لیڈی ملزمان کو گرفتار کیا جو مختلف چوری کی وارداتوں میں مطلوب تھیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کر لی۔ ایس ایچ او شعیب کیانی کے مطابق گرفتار لیڈی ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
ادھر تھانہ سٹی پولیس نے ایس ایچ او عمران امجد کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے دانو گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کیا جو چوری اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ملزمان سے 5 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلز اور 1 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی برآمد کی، جن کی مجموعی مالیت 4 لاکھ 20 ہزار روپے بنتی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے دونوں کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔



