معروف سیاسی و سماجی شخصیت اصغر شاہد کا تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا دورہ، نو منتخب صدر یاسر فہمید کو مبارکباد دی

سوہاوہ: ناروے میں مقیم پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف سماجی شخصیت اصغر شاہد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یاسر فہمید کو پریس کلب کے صدر کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔

اصغر شاہد نے اس موقع پر تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے تمام نو منتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی اور پریس کلب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ہمیشہ حقائق پر مبنی صحافت کی ہے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مثبت روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور مثبت و ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے نہ صرف عوامی مسائل اجاگر ہوتے ہیں بلکہ ان کے حل کی راہیں بھی ہموار ہوتی ہیں۔ انہوں نے پریس کلب کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ سوہاوہ میں پریس کلب کی سرکاری عمارت کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں میں بھی بھرپور ساتھ دیں گے۔

اصغر شاہد نے صحافی برادری پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و یگانگت کے ساتھ مثبت صحافت کو فروغ دیں اور عوامی مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سابق چیئرمین تحصیل پریس کلب سوہاوہ احسن وحید اور جنرل سیکرٹری ملک وحید بھی موجود تھے۔ صدر یاسر فہمید، سینئر صحافی احسن وحید اور ملک وحید نے پریس کلب کے دورے اور نیک تمناؤں کے اظہار پر اصغر شاہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version