پنڈ دادنخان میں فوڈ اتھارٹی اور پیرا فورس کی کارروائی، 1350 بوری ذخیرہ شدہ گندم برآمد

پنڈ دادنخان: فوڈ اتھارٹی اور پیرا فورس جہلم کی مشترکہ کارروائی کے دوران 1350 بوری ذخیرہ شدہ گندم برآمد کر لی گئی۔
یہ کارروائی عمران ولد محمد علی ساکن پنڈی بھکھ تحصیل پنڈ دادنخان کے دو گوداموں پر کی گئی جہاں بھاری مقدار میں گندم غیر قانونی طور پر ذخیرہ کر رکھی گئی تھی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، عوام کو سستے داموں آٹا اور گندم کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی مہنگائی میں اضافے اور عوامی مشکلات کی بڑی وجہ ہے، اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی کرکے حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عام آدمی تک بنیادی اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔



