جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کے سابق طالب علم حافظ نعمان ساجد نے درسِ نظامی مکمل کر لیا

سوہاوہ: جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کے لیے ایک اور اعزاز، ادارے کے سابق طالب علم حافظ نعمان ساجد نے ضلع جہلم کی قدیم دینی درسگاہ جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مدنی محلہ جہلم سے درسِ نظامی کی تکمیل کے بعد سندِ فراغت حاصل کر لی۔ اس موقع پر اکابر علماء و مشائخ کے دستِ مبارک سے ان کی دستارِ فضیلت بھی کی گئی۔
جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کے مدیر محمد نعمان فاروق کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے ڈومیلی کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ صدیقیہ قادریہ کی بنیاد ان کے والدِ گرامی خادم القرآن حضرت مولانا قاری محمد اسحاق فاروقی مرحوم نے رکھی تھی، جنہوں نے اپنی زندگی دینی تعلیم، مساجد و مکاتب کے قیام اور لوگوں کے عقائد و اعمال کی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا قاری محمد اسحاق فاروقی مرحوم نے ڈومیلی شہر میں جامعہ صدیقیہ قادریہ مرکزی جامع مسجد مدنی کی صورت میں ایک دینی و روحانی مرکز قائم کیا، جو آج بھی ان کی دینی خدمات اور محنتوں کی یادگار ہے۔ ان کے مطابق ادارے کی علمی و دینی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے سابق طالب علم حافظ نعمان ساجد کی درسِ نظامی میں کامیابی جامعہ کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
محمد نعمان فاروق نے حافظ نعمان ساجد اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور انہیں دینِ اسلام کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔
واضح رہے کہ مولوی حافظ نعمان ساجد اس وقت بھی جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کے شعبہ حفظ القرآن میں بطور مدرس تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جامع مسجد صدیق اکبرؓ موضع مل کھوکھراں ڈومیلی میں خطیب و امام کی حیثیت سے بھی دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔



