
جہلم: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پر اوور سپیڈنگ کی وجہ سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کے احکامات کے مطابق جہلم میں بھی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سیکٹر کمانڈر این فائیو نارتھ ٹو جہلم ایس پی احسان الحق کی زیر نگرانی ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اختر نواز نے اہم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی موٹروے کے احکامات کے مطابق یکم مارچ 2025 سے اوور سپیڈنگ کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ 150 کلومیٹر یا اس سے زیادہ رفتار پر بھاری جرمانہ کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس ضبط کر کے مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
موٹروے پولیس کی جانب سے 20 فروری سے 28 فروری تک سکولز، بس اسٹاپ، لاری اڈا اور ٹال پلازہ وغیرہ پر آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔ ٹال پلازوں اور نمایاں جگہوں پر بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں موبائل ایجوکیشن یونٹ بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی جی ٹی روڈ پر سپیڈ کیمرہ کی مدد سے گاڑیوں کی رفتار چیک کی گئی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے گئے۔ اسی طرح جہلم ٹال پلازہ پر انچارج موبائل ایجوکیشن یونٹ انسپکٹر مشاہد حسن، سب انسپکٹر محسن ہاشمی اور ان کی ٹیم کی جانب سے مسافروں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
مسافروں نے حادثات کی روک تھام کے لیے اوور سپیڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور موٹروے پولیس کے اقدامات کو سراہا۔