عوام کی خدمت اور اعتماد کا حصول پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں ویڈیو لنک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ڈی پی او آفس کی مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق، خوش اسلوبی اور پروفیشنل رویہ اپنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈی پی او جہلم نے ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے ہر سائل کو عزت و احترام دیا جائے، ان کی بات مکمل توجہ سے سنی جائے اور بلاوجہ انتظار یا بدسلوکی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔

انہوں نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل، بروقت رہنمائی اور قانونی تقاضوں کے مطابق شفاف کارروائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی پی او نے افسران کو تاکید کی کہ خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کے ساتھ خصوصی نرمی اور ہمدردانہ رویہ رکھا جائے جبکہ کمزور طبقات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ تھانوں میں صاف ستھرا ماحول، بہتر استقبالیہ نظام اور عوام دوست رویہ اپنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ شہری خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کریں۔

میٹنگ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، کرائم کنٹرول اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ افسران کو گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ عوام کی خدمت اور اعتماد کا حصول پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ہر افسر اپنے فرائض دیانتداری، ذمہ داری اور خوش اخلاقی کے ساتھ انجام دے۔

Exit mobile version