سوہاوہ میں مٹکا ہوٹل کے قریب نامعلوم کار سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں مٹکا ہوٹل کے قریب نامعلوم کار سواروں نے حیدر علی ولد اکرم سکنہ موتی محل راولپنڈی پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حیدر علی مٹکا ہوٹل پر موجود تھے کہ اچانک ایک کار وہاں آ کر رُکی اور کار میں موجود افراد نے فائرنگ شروع کر دی، حملے کے بعد ملزمان فوراً فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی حیدر علی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
