دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے، بلال اظہر کیانی

سوہاوہ/ جہلم: وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والے جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی کے رہائشی فوجی جوان مرزا جواد کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ چڑھایا۔ اس موقع پر علاقے کی اہم شخصیات اور عوام بھی موجود تھے۔

اتوار کے روز بلال اظہر کیانی نے ڈومیلی میں شہید مرزا جواد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والے فوجی جوان اور سویلینز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس واقعے میں پاکستان ریلویز کے دو ملازمین، ریلوے پولیس کے کانسٹیبل شمروز خان اور کیرج شاپ کے ملازم ممتاز بھی شہید ہوئے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بلال اظہر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ایک بڑے سانحے کو مزید سنگین ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے سرحد پار سے ہونے والی معاونت کو ٹریک کر لیا ہے اور دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کو سوشل میڈیا پر مدد فراہم کرنے والی قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔ سوشل میڈیا پر سیکیورٹی فورسز اور ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ شہدا کے خلاف مہم چلانے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ریلوے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے بلوچستان میں ٹرینوں کی سیکیورٹی یقینی بنائے گا، جبکہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے اور (کل) پیر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے بلوچستان کے عام شہریوں کو خوف میں مبتلا کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ جہلم غازیوں اور شہیدوں کا ضلع ہے، جہاں ہر قبرستان میں مادرِ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے سپوت دفن ہیں۔ مرزا جواد کی شہادت ڈومیلی کے لیے ایک اعزاز ہے، اور پاک فوج و دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں ایک انچ بھی جگہ نہیں دی جائے گی، اور ریاست اپنی عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

اس موقع پر ڈومیلی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈی ایس پی سوہاوہ محمد سرفراز، ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی راجہ نوید افضل بھاری نفری کے ساتھ موجود رہے۔

علاوہ ازیں بلال اظہر کیانی کی آمد پر علاقے کی ممتاز شخصیات، جن میں شیخ ناصر سنی، راجہ طہاور زمان، راجہ جہانزیب کیانی، عبدالرازق مل، چوہدری سعید ایڈووکیٹ کلرہ، چوہدری عامر کلرہ، چوہدری نوید کلرہ، حاجی راجہ تنویر پنوار، اور راجہ عاطف کیانی شامل تھے، نے شرکت کر کے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button