جہلم تا للِہ دو رویہ سڑک کی تعمیراتی معیار پر سوالات، ڈھوک وینس کے قریب سڑک دوبارہ ٹوٹنے لگی

پنڈدادنخان: جہلم تا للِہ دو رویہ سڑک پر تحصیل پنڈدادنخان کے قریب ڈھوک وینس کے مقام پر سڑک کے مختلف حصوں میں دوبارہ گڑھے پڑنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر شہریوں نے تعمیراتی معیار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق مذکورہ مقام پر گزشتہ کئی ماہ سے سڑک کے متاثرہ حصوں پر بار بار پیچ ورک کیا جا رہا ہے، تاہم کچھ عرصہ بعد دوبارہ گڑھے بن جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقل بنیادوں پر مرمت کے بجائے عارضی پیچ لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔

شہریوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نئی تعمیر ہونے والی سڑک کے ساتھ بنائے گئے شولڈرز بھی بعض مقامات پر مبینہ طور پر ناقص تعمیراتی معیار کے باعث زمین میں دھنس رہے ہیں، جو نہ صرف تشویش کا باعث ہے بلکہ ٹریفک کی حفاظت کے حوالے سے بھی خدشات پیدا کر رہا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جہلم۔للہ دو رویہ سڑک کا منصوبہ ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے، اس لیے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ قریبی موٹروے پر کئی برس گزرنے کے باوجود سڑک کی حالت بہتر ہے، جبکہ اس منصوبے میں افتتاح سے قبل ہی مختلف مقامات پر خرابیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

شہریوں نے یاد دلایا کہ چند ہفتے قبل صوبائی وزیر مواصلات ڈاکٹر صہیب احمد بھرتھ نے تحصیل پنڈدادنخان کے دورے کے دوران سڑک کے تعمیراتی معیار کی جانچ کے لیے انجینئرنگ ٹیم بھجوانے کا اعلان کیا تھا، تاہم ان کے مطابق تاحال اس حوالے سے کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر مواصلات، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری مواصلات اور متعلقہ تعمیراتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کے تعمیراتی معیار کا غیرجانبدارانہ تکنیکی آڈٹ کرایا جائے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور منصوبے میں پائے جانے والے نقائص کو مستقل بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور پائیدار سفری سہولت میسر آ سکے۔

Exit mobile version