غیر رسمی تعلیمی ادارے بچوں کو تعلیم سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے غیر رسمی تعلیم کے فروغ اور بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) میمونہ انجم کے ہمراہ گورنمنٹ نان فارمل پرائمری اسکول مشین محلہ نمبر 3 جہلم کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسکول میں جاری تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی حاضری، تعلیمی ماحول اور دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی، ان سے تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) میمونہ انجم نے ڈپٹی کمشنر کو اسکول کی مجموعی کارکردگی، طلبہ کے اندراج، تدریسی نظام اور غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور غیر رسمی تعلیمی ادارے ایسے بچوں کو دوبارہ تعلیمی دھارے میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر باقاعدہ تعلیمی نظام سے باہر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر رسمی تعلیمی مراکز میں تدریسی معیار، طلبہ کی حاضری، بنیادی سہولیات اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں اور ضلع میں شرح خواندگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

Exit mobile version