جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دیہی علاقوں اور یونین کونسلوں کی سطح پر بنیادی طبی سہولیات اور صحت کی خدمات کا جائزہ لینے کے لیے مریم نواز ہیلتھ کلینک کوٹلہ فقیر اور مریم نواز ہیلتھ کلینک بھٹیہ، جہلم کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے دونوں ہیلتھ کلینکس میں دستیاب طبی سہولیات، ضروری ادویات کے ذخیرے، طبی عملے کی حاضری، صفائی کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں کلینکس کی مجموعی کارکردگی، سہولیات اور جاری طبی خدمات کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ دیہی علاقوں اور یونین کونسلوں میں قائم ہیلتھ کلینکس میں آنے والے مریضوں کو بروقت، معیاری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ضروری ادویات کی مسلسل دستیابی، طبی عملے کی باقاعدہ حاضری اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق دیہی علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کلینکس میں طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، مریضوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے۔
