جہلم میں دکانوں پر نسوار، گٹکا، سپاری اور سگریٹ کی کھلے عام فروخت، شہریوں میں تشویش

جہلم شہر اور گردونواح میں نسوار، گٹکا، سپاری اور سگریٹ جیسی نشہ آور اشیاء کی کھلے عام فروخت نے والدین اور باشعور شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

جہلم شہر، دیہاتوں اور قصبوں میں قائم دکانوں پر یہ مضر صحت اشیاء بلا روک ٹوک دستیاب ہیں، جنہیں کم عمر بچے بھی باآسانی خرید رہے ہیں، جو ان کی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جہلم میں فروخت ہونے والی نسوار میں بعض کیمیکلز کی ملاوٹ کی بھی اطلاعات ہیں، جو منہ کے کینسر سمیت گلے، پھیپھڑوں، معدے، جگر اور دل کی خطرناک بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ان اشیاء کا مسلسل استعمال نوجوانوں کی زندگیوں کو دائو پر لگا رہا ہے، اور فوری روک تھام نہ کی گئی تو اس کے تباہ کن نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

شہریوں نے متعلقہ اداروں کی خاموشی اور عدم توجہی پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بچوں کو نسوار، گٹکا، سپاری اور سگریٹ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں اور قانون سازی کے ذریعے سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جیسے صاف ماحول کے لیے مہمات چلائی جا رہی ہیں، ویسے ہی ان مہلک بیماریوں کی وجوہات کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں اور نوجوان نسل کو اس خطرناک لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button