سوہاوہ: جےآئی یوتھ سپرسکس کرکٹ ٹورنامنٹ تھلہ چوہدریاں ہمایوں الیون نے جیت لیا

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ کرکٹ گراؤنڈ میں جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام سپرسکس کرکٹ ٹورنامنٹ تھلہ چوہدریاں کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے سولہ ٹیموں نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ میں مختلف مرحلوں کے دوران دلچسپ اور سخت مقابلے دیکھنے کو ملے، جن کے بعد فائنل میں ہمایوں الیون ہمبوہیل اور راجہ معروف عابد بڑاگواہ کی ٹیمیں پہنچیں۔

فائنل میچ نہایت سنسنی خیز اور دلچسپ رہا، جس میں ہمایوں الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجہ معروف عابد کی ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں اور شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر خوب جشن منایا اور میدان میں خوشی کے نعرے گونجتے رہے۔

تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی جن میں عبدالباسط صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع جہلم، نعیم قمر نائب صدر، ملک مدثر سلیم سماجی شخصیت ڈھانگری، برکات کمانڈو، راجہ عبیداللہ سابق چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی بڑاگواہ، چوہدری سعید اسلم، حافظ ظہیر ڈھوک صوبہ، پہلوان راجہ عدیل کیانی بڑاگواہ اور خان نثار احمد فور پوٹھی شامل تھے۔ مہمانانِ گرامی کے گراؤنڈ پہنچنے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

فائنل کے بعد تقریب تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی جس میں جیتنے والی ٹیم ہمایوں الیون، رنر اپ ٹیم راجہ معروف عابد اور سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں کو انعامات دیے گئے۔ شاندار انتظامات پر مہمانان نے آرگنائزرز کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب میں حافظ سعید ریاض کی جانب سے چیف آرگنائزر محمد نبیل حسن اور کاظم کلیم کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ ڈی سی سی ممبران راجہ عدنان کیانی، چوہدری رخسار علی اور ماسٹر ساجد محمود کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے، کھیلوں جیسے مثبت اقدامات نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر شائقین کرکٹ، مقامی نوجوانوں اور شرکاء نے منتظمین کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور ایسی تقریبات کے تسلسل پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button