جہلم اور کھاریاں کی ٹیموں کے مابین جہلم میں ایک روزہ سرکل کبڈی میچ کا انعقاد

جہلم: نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان کی جانب راغب کرنے روائتی اور ثقافتی کھیل کبڈی کو فروغ دینے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت راجہ شیر زمان کیانی کی سرپرستی میں پہلوان احسان کیانی نے جہلم اور کھاریاں کی ٹیموں کے مابین جی ٹی روڈ کے قریب واقع فوجی مل گراؤنڈ کالا گجراں جہلم میں ایک روزہ سرکل کبڈی میچ کا انعقاد کیا۔
کبڈی میچ میں پہلوانوں نے اپنی پھرتی ذہانت اور شجاعت کے جوہر دکھائے کوئی وارےمیں ہوا کامیاب تو کوئی بچا نہ سکا، خود کو حریف کی گرفت سے اور اس ایک روزہ کبڈی میچ کو دیکھنے کے لیے فوجی مل گراؤنڈ میں شائقین کبڈی کی کثیر تعداد موجود تھی۔
انتظامیہ کی جانب سے معزز مہمانوں کا ڈھول کی تھاپ پر گلے میں پھولوں کےہار ڈال کر پرتپاک استقبال کیا گیا، اس مقابلے میں جہلم کی کبڈی ٹیم 30پوانٹ حاصل کرسکی جبکہ کھاریاں ضلع گجرات کی ٹیم نے 40پوانٹ حاصل کر کے 10پوائنٹ کی برتری سے میچ اپنے نام کر لیا۔
میچ کے اختتام پر انتظامیہ اور معزز مہمانوں نے اپنے دست مبارک سے ٹرافی انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر کبڈی میچ کا انعقاد کرنےپر پہلوان احسان کیانی کا کہنا تھا کہ اس میچ کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں کی جانب لانا منشیات جیسی لعنت بری صحبتوں اور منفی سرگرمیوں سے دور کرنا ہے۔



