ریسکیو 1122 جہلم نے عید کے تینوں روز 343 افراد کو ریسکیو کیا

جہلم: عیدالفطر کے موقع پر ریسکیو 1122 جہلم کے اہلکاروں نے شب و روز خدمات سرانجام دیتے ہوئے مجموعی طور پر 329 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا اور 343 افراد کو ریسکیو کیا۔
یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے تینوں دنوں میں ریسکیو اہلکار عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود رہے اور 24 گھنٹے اپنی خدمات فراہم کرتے رہے۔ ان ایمرجنسیز میں 156 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 184 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 329 ایمرجنسیز میں سے 76 روڈ ٹریفک حادثات تھے جن میں 98 افراد زخمی ہوئے، جبکہ میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد 216 رہی۔ اس کے علاوہ 2 کرائم ایمرجنسیز، 3 آتشزدگی کے واقعات اور 32 متفرق ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مختلف ایمرجنسیز کے دوران 3 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر ریسکیورز نے احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلاتے وقت حفاظتی اصولوں کی پابندی کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔



