پاکستان سمیت دنیا بھر میں باپ سے محبت کے اظہار کیلئے عالمی فادر ڈے منایا گیا

جہلم: پاکستان سمیت دنیا بھر میں "ورلڈ فادرز ڈے” منایا گیا، جس کا مقصد باپ سے محبت، احترام اور ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہے۔ ہر سال ماہ جون میں یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں باپ کے عزت و وقار اور مقام کو اجاگر کیا جا سکے۔
اس موقع پر جہلم سمیت ملک بھر میں صحافتی تنظیموں کے زیر اہتمام پریس کلبز میں سیمینارز اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جہلم پریس کلب میں بھی اس دن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب جہلم کے صدر مہر محمد الیاس نے کہا کہ باپ ایک ایسا سایہ دار درخت ہے جو اپنی اولاد کو تمام عمر تحفظ، سہارا اور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے باپ کی عظمت، قربانی اور محبت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر صحافیوں نے جن کے والد حیات ہیں، انہوں نے اپنے والدین کو تحائف، کارڈز اور پھول پیش کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا جبکہ مرحوم والدین کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب کے شرکاء نے اس دن کو باپ کی محبت اور کردار کو سراہنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔
تقریبات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ والدین خصوصاً والد کے احترام اور خدمت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے گا کیونکہ باپ ایک عظیم نعمت اور خاندان کی بنیاد ہوتا ہے۔



