جہلم میں پری میڈیکل کی طالبہ سے مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ، ملزم گرفتار

جہلم میں پری میڈیکل کی طالبہ کو شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور ویڈیو بنا کر میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں پری میڈیکل کی طالبہ کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے اور رقم ہتھیانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم شاہ زیب کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ لڑکی کی جانب سے دی گئی درخواست اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم مبینہ طور پر شادی کا جھانسہ دے کر کافی عرصے سے متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جبکہ اس نے مبینہ طور پر ویڈیو بھی بنا رکھی تھی جسے استعمال کرتے ہوئے لڑکی کو بلیک میل کیا جاتا رہا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی سے رقم بھی ہتھیائی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سول لائنز پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کے طبی معائنے کی رپورٹ میں مبینہ زیادتی کے شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دلوانے کے لیے موثر پیروی کی جائے گی۔



