مدینہ فاؤنڈیشن پرائمری اسکول فورپوٹھی میں سالانہ سپورٹس گالا، طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم

8
سوہاوہ: مدینہ فاؤنڈیشن کے زیرِ نگرانی چلنے والے پرائمری اسکول فورپوٹھی میں سالانہ سپورٹس گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر اسکول میں مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے جن میں رسہ کشی، دوڑ، سپون ریس، بوری ریس، بیڈمنٹن، کرکٹ اور کرسی پر بیٹھنے کے مقابلے سمیت دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔
طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور بہترین کھیل پیش کر کے شرکاء کی داد حاصل کی۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرائمری اسکول فورپوٹھی کی پرنسپل نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے صحت مندانہ سرگرمیاں نہایت ضروری ہیں۔ آج کل بچے زیادہ تر موبائل فونز کی جانب مائل ہو رہے ہیں، والدین کو چاہیے کہ بچوں کو موبائل سے دور رکھ کر تعلیم کی طرف توجہ دلائیں اور ٹیچرز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دینی اور دنیاوی دونوں تعلیم بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔



