35
دینہ: حکومت پنجاب کی جانب سے معذور افراد میں امدادی آلات کی تقسیم ایک انتہائی خوش آئند عمل ہے جس سے بے سہارا طبقہ کی بھر پور امداد ہو رہی ہے۔
یہ بات مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام جہلم کی تحصیل دینہ میں امدادی آلات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات جاری ہیں۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بھی خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس فلاحی اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں سہولتیں فراہم کر کے معاشرتی مثبت تبدیلیوں کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر خان اور ممتاز سماجی کارکن فرحت ضیاء ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 83 ویل چیئرز اور 2 ٹرائی سائیکلیں معذور افراد میں تقسیم کی گئیں، تاکہ ان کی روزمرہ نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہو اور وہ معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔
دیگر سماجی شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے بھی فلاحی اقدام کی حمایت کے لیے تقریب میں حصہ لیا۔ امدادی آلات کی تقسیم کا یہ عمل معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔
