ضلع جہلم میں کھلے مین ہولز اور نالوں کی بندش کی مہم تیز کر دی گئی

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سخت احکامات اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع جہلم بھر میں کھلے مین ہولز اور نالوں کو کور کرنے کی جامع مہم تیزی سے جاری ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں موجود رہ کر آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا کا عملہ مختلف شاہراہوں، گلیوں اور رہائشی علاقوں میں کھلے مین ہولز اور نالوں پر حفاظتی ڈھکنوں کی تنصیب کے عمل کو تیزی سے مکمل کر رہا ہے۔ اس مہم کے دوران پرانے، ٹوٹے ہوئے اور غیر محفوظ ڈھکنوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے موقع پر موجود رہ کر کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں تمام حساس مقامات کی مکمل فہرست تیار کریں اور وہاں بلا تاخیر حفاظتی کور نصب کریں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس جمع کرائیں تاکہ کام کی رفتار اور شفافیت برقرار رہے۔
انتظامیہ کے افسران کی براہِ راست نگرانی میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا کے حکام کھلے نالوں کی صفائی اور ان کی مناسب کورنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے خدشے کو جڑ سے ختم کرنا اور حکومتی حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہے۔ عوام کے تحفظ کے لیے یہ مہم آئندہ بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رہے گی۔



