جہلم: یوم شہدائے پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر قیادت شہدائے جہلم پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شہداء کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے علی الصبح قرآن خوانی اور یادگار شہدا پر سلامی پیش کی گئی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے یوم شہداء پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ڈی پی او جہلم اور ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے شہداء کی فیملیز سے ملاقاتیں کی، شہداء کا وارث ہونے پر مبارکباد پیش کی، پھولوں کے گلدستے اور تحائف تقسیم کیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا وہ اثاثہ ہیں کہ جنہوں نے اپنا خون دیکر ملک و ملت کے باغیچے کی آبیاری کی، شہداء کے خون سے ہماری سرحدیں اور ہمارے گھر محفوظ ہیں، یوم شہدائے پولیس پر تمام شہداء پاکستان و پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہدا ہمارے لئے قابل احترام ہیں، ان کے اہلخانہ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کوقوم کی خاطر قربان کیا۔ آج پورے پنجاب میں یوم شہداء منایا جا رہا ہے۔ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ یہ جو پولیس کے جوان ہیں جو دن رات ڈیوٹی انجام دیتے ہیں ہمارے لیے شہادت نوش فرماتے ہیں ہمیں دل سے ان کی عزت کرنی چاہیئے ان کو سلام پیش کرنا چاہیے ان کی فیملی کا ہمیں خیال کرنا چاہیے کیونکہ یہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں تو ہم لوگ اپنے گھروں میں محفوظ رہتے ہیں۔
بعد ازاں شہدائے پولیس کی فیملیز کے اعزاز میں کوہ نور میرج ہال میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے اختتام پر شہدائے پولیس کے اہل خانہ اور مہمانوں کو پر تکلف ظہرانہ دیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، معروف مذہبی اور روحانی شخصیت بابا جی پیر عرفان الحق، ممبر نیشنل اسمبلی بلال اظہر کیانی، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم اور عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکاء نے فردا فردا محکمہ پولیس کے کارہائے نمایاں ، شہداء کی قربانیوں اور پنجاب پولیس جہلم کی خدمات کو سراہتے ہوئے پولیس کے عزم و ہمت اور حوصلوں کو داد تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیاں جہلم پولیس اور جہلم کے عوام پر قرض ہیں، شہدائے پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کے اہل خانہ ہماری ذمہ داری ہیں ، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔
