وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا ٹی ایچ کیو سوہاوہ کا دورہ، غفلت پر ایم ایس سمیت متعدد افسران کی معطلی کی سفارش، 4 اہلکار گرفتار

سوہاوہ/ جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے علی الصبح ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) جہلم اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال (ٹی ایچ کیو) سوہاوہ میں اچانک چھاپے مارے، جس کے دوران غفلت اور لاپرواہی سامنے آنے پر سخت کارروائی کی گئی۔
انسپکشن ٹیم کے مطابق ایم ایس ٹی ایچ کیو سوہاوہ ڈاکٹر زین، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو جہلم ڈاکٹر علی حیدر اور خدمت کاؤنٹر پر تعینات اہلکار ثمر عباس کی غیر حاضری اور غفلت پر ان کی معطلی کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ سی ای او ہیلتھ سے بھی وضاحت طلب کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مزید برآں چھاپے کے دوران ٹی ایچ کیو سوہاوہ میں چوکیدار سمیت چار اہلکار ڈیوٹی کے دوران سوتے ہوئے پائے گئے، جنہیں گرفتار کر کے تھانہ سوہاوہ منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار افراد میں نعمان احمد (چوکیدار)، محمد عمران (سینٹری سپروائزر)، شہزاد اور محمد افضل (سینٹری ورکرز) شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا تاہم قانونی کارروائی جاری ہے۔
انسپکشن ٹیم نے بتایا کہ یہ چھاپے صبح تقریباً 3 بجے مارے گئے، جن کا مقصد ہسپتالوں میں ڈیوٹی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔



