دینہ میں افسوسناک حادثہ، لوڈر رکشہ میں چادر پھنسنے کے باعث نوجوان جاں بحق

دینہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں لوڈر رکشہ ڈرائیور چادر پھنس جانے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈومیلی کے علاقے جھنگ چک کے رہائشی عاشق حسین کا جواں سالہ بیٹا ریاست علی روزگار کے سلسلے میں اپنے لوڈر رکشہ پر جہلم کی جانب رواں دواں تھا۔ دینہ کے قریب اچانک ریاست علی کی چادر لوڈر رکشہ کے پہیے میں پھنس گئی، جس کے باعث رکشہ بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں نوجوان کو سر پر گہری چوٹیں آئیں اور وہ شدید زخمی ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی نوجوان کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جہلم ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔ تاہم نوجوان ریاست علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

ریاست علی کی موت کی خبر جب اس کے آبائی علاقے جھنگ چک پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا اور علاقہ بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کے لواحقین کے مطابق ریاست علی لوڈر رکشہ کے ذریعے ڈومیلی کے علاقے سے مرغ شاپس سے مرغیوں کی باقیات جمع کر کے جہلم منتقل کرتا تھا اور محنت مزدوری سے اپنے گھر کا خرچ چلاتا تھا۔

مرحوم نوجوان کی نمازِ جنازہ اس کے آبائی گاؤں جھنگ چک میں ادا کی جائے گی جبکہ اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button