بغیر رجسٹریشن ہوٹلز و گیسٹ ہاؤسز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جہلم سمیت پنجاب بھر میں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان ہو جائیں ہوشیار! محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ "Hotel Eye” سافٹ ویئر میں رجسٹریشن کی مقررہ مدت 15 جون کو ختم ہو چکی ہے۔

اب تک رجسٹریشن نہ کروانے والے تمام ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے والوں کے خلاف پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریزیڈنس ایکٹ 2015 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق "Hotel Eye” سسٹم کا مقصد دہشت گردی، جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی ہے۔ بیرون اور اندرون ملک سے پنجاب آنے والے افراد کی رہائش کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل انداز میں محفوظ کیا جائے گا۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر سیکیورٹی اداروں کو مشکوک افراد کی شناخت میں آسانی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، دنیا بھر میں چلنے والی آن لائن بکنگ ایپلیکیشنز کے ذریعے بکنگ کروانے والے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کو بھی سسٹم میں رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ہر گیسٹ ہاؤس یا ہوٹل مالک اپنے لاگ ان اکاؤنٹ سے مہمانوں کی مکمل تفصیلات "Hotel Eye” سسٹم میں اپ ڈیٹ کرنے کا پابند ہوگا۔

محکمہ داخلہ نے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر hoteleye.punjab.gov.pk پر رجسٹریشن مکمل کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں مالکان کو قانونی اور فوجداری کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button