دینہ میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے والے رضی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ضلع چکوال اور جہلم میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رضی گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 7 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، 25 ہزار روپے نقدی، موٹر سائیکل کے اسپیئر پارٹس، چوری شدہ موٹرز اور بیٹریاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



