تعلیمی اداروں میں سہولیات ور بہترین ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی اور بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الطاف حسین ہائی سکول کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ڈی سی جہلم نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی مسلسل انسپکشن اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت تعلیم کے شعبے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، سازگار ماحول اور بنیادی سہولیات میسر آئیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
میثم عباس نے کہا کہ سکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ نئے داخلوں کا عمل آسان بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکول میں داخل کر کے انہیں تعلیم کی روشنی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے ملاقات کے دوران اُن کے چہروں پر سیکھنے کا جذبہ اور مستقبل کے خواب دیکھنے کی چمک واضح تھی جو کہ ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور والدین، اساتذہ اور طلبہ کو اعتماد میں لے کر تعلیمی ماحول کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔



