مین بازار ایک ہفتے کیلئے مکمل بند کر کے ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ کیانی اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے اچانک مین بازار دینہ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران شہریوں اور تاجروں کی شکایات سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہدایت جاری کی کہ مین بازار میں جاری ترقیاتی کام عیدالفطر تک روک دیے جائیں تاکہ خریداروں کو خریداری میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے فوراً بعد 24 مارچ سے ایک ہفتے کے لیے مین بازار کو مکمل بند کر کے ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازار کی صفائی فوری طور پر بہتر بنائی جائے تاکہ عید تک حالات بہتر ہو سکیں اور شہری آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی یا مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ گیس ڈیلرز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ سلنڈر مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ کو ہدایت کی کہ بازاروں میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر وزیر مملکت کے کوآرڈینیٹر راجہ علی، میاں سجاد، میاں عتیق، رانا عارف سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button