دینہ: کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کےکیلئے ناگزیر ہیں، رانا مشہود احمد خان

دینہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ونٹر سپورٹس گالا پروگرام کے تحت محکمہ سپورٹس کے زیرِ اہتمام ایک شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر منعقدہ اس تقریب میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد بھی موجود تھیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کھلاڑیوں کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم چوہدری محمد طارق کی زیرِ نگرانی ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے جس میں ضلع بھر سے مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد اور دیگر مہمانوں نے میچز کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہے تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے۔
اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی رانا مشہود احمد خان اور اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور کیش پرائز سے نوازا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے کامیاب ٹیموں کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں کھیلوں کے مزید مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے تمام شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔



