پیرس: فرانس میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر حمزہ تاج کو "مریم میکیبا ایوارڈ” سے نوازا گیا


پیرس: فرانس میں تعینات سعودی سفیر فہد الروالی نے پاکستانی نژاد ڈاکٹر حمزہ تاج کو "مریم میکیبا ایوارڈ” کی شیلڈ پیش کی، جبکہ سنٹرل افریقی وزیر برائے کلچر، ماری پوتو رمضان نے انہیں "مریم میکیبا میڈل” پہنایا۔
افریقی ممالک کی نمائندہ تنظیموں پر مشتمل جیوری ہر سال اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افریقی اور یورپی شہریوں کے لیے اس ایوارڈ کا اعلان کرتی ہے۔ اس سال فرانسیسی نژاد پاکستانی ڈاکٹر حمزہ تاج سکھیرا کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔
ڈاکٹر حمزہ تاج سکھیرا فرانس میں پہلے اردو-فرنچ ڈیجیٹل پلیٹ فارم FP92TV اور براعظم افریقہ کے لیے Afrik1 ٹی وی کے بانی اور سی ای او ہیں۔ افریقی کمیونٹی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنے کے اعتراف میں انہیں پیرس میں ایک پروقار تقریب کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں افریقی ممالک کے مختلف سفیروں، سفارتی نمائندوں، تجارتی گروپس، اور معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں تیونس کے سابق صدر کے مشیر اور سابق سفیر فرید میمیش، الجزائر کی سابق خاتون اول انیسہ بومیدین، فرانس ٹیلی ویژن کے جوائنٹ ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز جیرارڈ سیباج، فرانکو فونی کے ترجمان سٹیفن ٹیکی، لوسین پایئے فاؤنڈیشن کی جولی پیگینی، اور اوبرویلیئر کی جوائنٹ میئر خرطوم سیکھو شامل تھے۔
اس موقع پر افریقی ممالک کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی فرانسیسی کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔
تقریب میں افریقی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے شاندار موسیقی اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا، جس نے شرکاء کو محظوظ کیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ڈاکٹر حمزہ تاج سکھیرا نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ گزشتہ سال یہ ایوارڈ سینیگال کے وزیراعظم کو دیا گیا تھا اور اس مرتبہ پہلی بار کسی غیر افریقی کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ فرانس اور پاکستان کے لیے بھی فخر کی بات ہے۔ میں تمام افریقی ممالک کے عوام، آرگنائزرز اور صحافتی تنظیموں کا شکرگزار ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ افریقہ کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر آواز بنوں گا۔



