شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد ضلع میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور نئے صنعتی و تجارتی منصوبوں کے لیے ماحولیاتی ضوابط کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ ماحولیات کے افسران نے شرکت کی، جہاں مختلف یونٹس کی جانب سے جمع کرائی گئی این او سی درخواستوں کا فنی اور قانونی پہلوؤں سے باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی نئے منصوبے کی منظوری ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری سے مشروط ہوگی اور شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں فیکٹریوں، بھٹوں اور دیگر صنعتی یونٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اور ضرورت پڑنے پر ایسے یونٹس کو سیل کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی ایسے منصوبے کو اجازت نہیں دی جائے گی جو انسانی صحت، فضا یا زیرِ زمین پانی کے لیے نقصان دہ ہو۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ہر صورت ممکن بنایا جا سکے۔

Exit mobile version