ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، صہیب احمد برتھ

دینہ: صوبائی وزیر قانون پنجاب صہیب احمد برتھ نے دینہ کا دورہ کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں قائم "مریم نواز ہیلتھ کلینک” اور چک عبدالخالق میں واقع امام بارگاہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ڈی پی او طارق عزیز سندھو، سی او ہیلتھ میاں مظہر حیات اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
وزیر قانون نے ہیلتھ کلینک کے مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے انہیں کلینک کی کارکردگی اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ "مریم نواز ہیلتھ کلینک” پنجاب حکومت کا صحت کے شعبے میں ایک انقلابی منصوبہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
بعد ازاں وزیر قانون صہیب احمد برتھ نے چک عبدالخالق میں واقع امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عزاداروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور لائسنس داران سے ملاقات کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور تحصیل دینہ سمیت ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزراء اور ٹکٹ ہولڈرز خود نگرانی کریں گے۔
صوبائی وزیر قانون نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود، صحت و تحفظ کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور انقلابی اصلاحات کے ثمرات جلد ہر شہری تک پہنچیں گے۔



