جہلم: پولیس لائن جہلم میں فرسٹ ریسپانڈر اور انویسٹیگیشن افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کے تعاون سے ایک اہم اورینٹیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے فرسٹ ریسپانڈر اور انویسٹیگیشن افسران نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد پولیس افسران کو کرائم سین کے تحفظ، شواہد کو محفوظ بنانے اور جدید تفتیشی تقاضوں سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کسی بھی وقوعہ کی صورت میں فرسٹ ریسپانڈر کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ جائے وقوعہ کو محفوظ بنانا، شواہد کو ضائع ہونے سے بچانا اور تفتیشی ٹیم کے پہنچنے تک مناسب اقدامات کرنا کامیاب تفتیش کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ورکشاپ کے دوران پولیس اہلکاروں کو کرائم سین پروٹیکشن کٹس کے مؤثر استعمال، جائے وقوعہ کو کارڈن کرنے، شواہد اکٹھے کرنے اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے حوالے سے عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ افسران پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ جرائم کی بروقت اور مؤثر تفتیش کو یقینی بنایا جا سکے۔
