لیڈی ہیلتھ ورکر ز کی اکثریت 60سالہ عمر پوری ہونے پر ملازمت سے فارغ، نئی بھرتیاں نہ ہو سکیں

پڑی درویزہ: لیڈی ہیلتھ ورکر ز کی اکثریت 60سالہ عمر پوری ہونے پر ملازمت سے فارغ ہو رہی ہے لیکن خالی آسامیوں پر تا حال کوئی نئی بھرتی کا پروگرام مشاہدے میں نہیں آرہا، عوامی سماجی حلقوں کی طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سے توجہ دینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو شہید کا شروع کردہ پروگرام (NPFP&PHC)پورے پاکستان میں جاری ہے ۔ 2012ء سے عدلیہ کے فیصلے کے مطا بق مذکورہ ملازمین کو مستقبل کر دیا گیا ہے۔
عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو متوجہ کرتے ہوئے واضح کیاگیا ہے کہ تاحال ان ملازمین کی پنشن قوانین کو آخری شکل نہیں دی گئی ہے لیکن 60سال عمر پوری ہونے کے سبب ہرسال ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز ملازمت سے فارغ ہو رہی ہیں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق ضلع جہلم سمیت پنجاب کے بھر میں اس وقت48000کے لگ بھگ لیڈ ہیلتھ ورکرز خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ 60سالہ عمر پوری ہونے کے سبب جو لیڈی ہیلتھ ورکرز ملازمت سے فارغ ہو رہی ہیں، ان کی جوآسامیاں خالی ہو رہی ہیں تاحال ان خالی آسامیوں پر نئی بھرتی کی کوئی پالیسی مرتب نہیں ہو رہی یا زیر غورتک نہیں ہے۔
اس کمی کی وجہ سے موجودہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ان لیڈی ہیلتھ ورکرز کے زیر نگرانی آبادیوں میں ہدف پورا کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس سنجیدہ مسئلہ کو توجہ میں لائیں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خالی آسامیوں پر جلد نئی بھرتی کے متعلق پالیسی مرتب کرکے خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات جاری کریں۔



