انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: شہریوں کو ماہِ صیام کے دوران سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مشین محلہ نمبر 2 میں قائم کردہ نگہبان رمضان سہولت بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد رمضان المبارک کے آغاز سے قبل بازار میں دستیاب سہولیات، اسٹالز کی تیاری اور سیکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لینا تھا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے بازار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سہولت بازار میں آٹا، چینی، گھی اور سبزیاں مارکیٹ سے کم نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہئیں۔

انہوں نے اشیائے خوردونوش کے معیار اور مقررہ قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال کی جائے۔

سیکیورٹی اور انتظامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ بازار میں آنے والے شہریوں کے لیے پارکنگ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ عملے کو پابند کیا کہ نگہبان رمضان سہولت بازار کی مانیٹرنگ ڈیلی بیسز پر کی جائے گی تاکہ حکومتِ پنجاب کے ریلیف پیکج کے ثمرات براہِ راست حقدار شہریوں تک پہنچ سکیں اور صفائی ستھرائی کا اعلیٰ معیار ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version