“کراٹے چیمپئن شپ 2026” کا شاندار انعقاد، نوجوان کھلاڑیوں کا بھرپور جوش و جذبہ

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن، وزیرِ کھیل پنجاب و امورِ نوجوانان فیصل ایوب کھوکھر کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سرپرستی میں ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ جہلم کے زیر اہتمام “کراٹے چیمپئن شپ 2026” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
چیمپئن شپ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں ضلع جہلم کے مختلف علاقوں سے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی جبکہ ضلع گجرات سمیت دیگر اضلاع کے کھلاڑیوں نے بھی مقابلوں میں حصہ لیا۔
کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جس سے ایونٹ کی رونق میں مزید اضافہ ہوا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع ملا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر سی او ضلع کونسل جہلم و سی ای او میونسپل کمیٹی جہلم ضیاء اللہ رانجھا بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے جبکہ سی او ایم سی سوہاوہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق، تحصیل سپورٹس آفیسر دینہ محمد عاقب اور تحصیل سپورٹس آفیسر سوہاوہ اسد ملک سمیت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں کی مثبت تربیت، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور معاشرے میں نظم و ضبط پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



