اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن نے جشنِ آزادی سنوکر چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا

جہلم: اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن نے جشنِ آزادی سنوکر چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا، نوجوانوں کو قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کی تلقین۔
تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی کے موقع پر سنگھوئی میں واقع لیجنڈ سنوکر کلب میں منعقدہ جشنِ آزادی سنوکر چیمپئن شپ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن نے کیا۔ اس موقع پر تحصیل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق طارق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے جشنِ آزادی کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا، جبکہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں ایک نمائشی سنوکر میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ میچ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو انعامات بھی دیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن نے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان وطن عزیز کا قومی اثاثہ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا دارومدار اس کے نوجوانوں پر ہوتا ہے، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سنوکر قائداعظم کی پسندیدہ کھیلوں میں سے ایک تھی اور جہلم میں اس کھیل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب جہلم کے نوجوان نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر سنوکر کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جہلم میں گورنمنٹ لیول پر سنوکر چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے کام جاری ہے، اور جلد ایک بڑی سطح کی چیمپئن شپ کروائی جائے گی۔
آخر میں شمس الرحمن نے بتایا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، اور نوجوان کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔



