جہلم میں بوگس کال اور جسم فروشی کے دھندے میں ملوث خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار

جہلم میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو 15 پر بوگس کال کرنے اور جسم فروشی کے دھندے میں ملوث تین مرد ملزمان اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان فیضان، رمش علی، سلیمان اور لیڈی ملزمہ صبا رضوی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ افراد نہ صرف پکار 15 پر جھوٹی کالیں کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کر رہے تھے بلکہ جسم فروشی کے غیر قانونی دھندے میں بھی ملوث تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور انہیں چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرتی برائیوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا تاکہ شہر میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔



