شہید کانسٹیبل زین خالد کی تیسری برسی، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی

جہلم:شہید کانسٹیبل زین خالد کی تیسری برسی کے موقع پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی۔
ڈی ایس پی سٹی عبدالحمید ورک نے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر پولیس افسران اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل زین خالد 3 سال قبل ڈکیتی کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کی گاڑی کی ٹکر سے شہید ہو گئے تھے۔ ان کی قربانی نے نہ صرف پولیس فورس کو بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کیا۔
ڈی ایس پی سٹی عبدالحمید ورک نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم آپ کے دکھ میں شریک ہیں اور ہر گھڑی میں آپ کو اپنے ساتھ پائیں گے۔”
جہلم پولیس نے اس موقع پر کہا کہ "شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جن کی بہادری اور شجاعت کی داستانیں ہمیشہ کے لیے امر ہوگئیں۔”
پولیس افسران نے مزید کہا کہ "شہداء کی لازوال قربانیوں کا قرض ہم کبھی نہیں اتار سکتے، اور ان کے خاندان اور بچوں کو ہم اپنی فیملی کی طرح عزیز رکھتے ہیں۔”



