محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ پرامن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد و اتفاق اور قیام امن کے لیے مرکزی علماء کونسل جہلم کی جانب سے اہم پیغام جاری کیا گیا ہے۔

مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے زیر اہتمام ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں قاری حکیم شبیراحمد عثمانی اور دیگر جید علمائے کرام نے کہا کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی بیانیہ "پیغام پاکستان” اور ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق پر ہر سطح پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

علماء کرام نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع جہلم میں امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مکمل اور غیر مشروط تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علماء، خطباء، ذاکرین اور مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اپنے بیانات، مجالس اور اجتماعات میں تحمل، بردباری اور اخوت کو فروغ دیں۔

اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مرکزی علماء کونسل جہلم یکم محرم الحرام تا 10 محرم تک "عشرہ فاروقؓ و حسینؓ” کے طور پر منائے گی۔ یکم محرم کو حضرت سیدنا عمر فاروقؓ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جبکہ 10 محرم کو حضرت امام حسینؓ ابن علیؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔

مرکزی علماء کونسل نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ مواد، اشتعال انگیز گفتگو یا سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹس سے مکمل اجتناب کریں اور امن و امان برقرار رکھنے والے اداروں، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔

علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم کو مثالی مذہبی ہم آہنگی کا ضلع بنایا جائے گا جہاں تمام مکاتب فکر کے لوگ باہم اتحاد سے عظمتِ اسلام اور امن کا پرچم بلند کریں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button