جہلم: ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، ملاوٹ شدہ دودھ تلف

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں شدت لاتے ہوئے ضلع بھر میں بڑی چھاپہ مار مہم چلائی۔ اس دوران ٹیموں نے مجموعی طور پر 73 مقامات کا معائنہ کیا اور معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے۔

ذرائع کے مطابق روہتاس روڈ جہلم پر واقع ایک ملک شاپ میں سنگین خلاف ورزی کی نشاندہی پر مقدمہ درج کروا دیا گیا جبکہ ایک فوڈ پوائنٹ کو پروڈکشن بند کرنے کا حکم (EPO) جاری کیا گیا۔ ٹیموں نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 350 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ ضائع کر دیا۔ اس کے علاوہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 3 دکانداروں پر 22,000 روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 34 مقامات کو صفائی، ستھرائی اور معیار بہتر بنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دودھ اور دیگر اشیاء خوردونوش کے نمونے حاصل کرے تاکہ خالص اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ایسے اقدامات کا مقصد عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانا اور ملاوٹ مافیا کے خلاف واضح پیغام دینا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button