تحصیل پنڈدادنخان کے طلباء وطالبات کے لیے خوشخبری، ٹیکسلا انجینئرنگ یونیورسٹی سب کیمپس پنڈ دادنخان میں کلاسز کا اجراء 2024 کی پہلی ششماہی سے ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار ٹیکسلا انجینئرنگ یونیورسٹی پنڈدادنخان کیمپس کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر محمد فیاض نے البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان کے دورے کے بعد سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سال بی ایس کمپیوٹر اور بی ایس ریاضی 4 سالہ کی کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے علاقے میں ترقی کی راہیں کھل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ البیرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان کے پرنسپل نزہت الرحمٰن رانجھا نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا ہے اور عارضی کلاسوں کا سلسلہ البیرونی ڈگری کالج میں ہی شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد فیاض نے بتایا کہ 2024ء میں کلاسز کے اجراء کے بعد بی ایس کمپیوٹر اور بی ایس ریاضی 4 سالہ کورس کے داخلے شروع کر دیئے جائیں گے۔ اب یہ پروجیکٹ 4800 ملین سے مکمل ہوگا جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل نے پروفیسر ڈاکٹر محمد فیاض کی پنڈ دادنخان سب کیمپس میں بھرپور دلچسپی لینے پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔
